ذہنی بیماری سے جڑاتعصب کیا ہوتاہے ؟ اس میں مبتلا کوئی شخص اس کو دور کیسے کرسکتا ہے؟
یہ تعصب اس شرم کی نشانی ہے جو ذہنی بیماری سے جڑی ہوتی ہے۔ اس کی بڑی وجہ ذہنی بیماری کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیاں ہیں ۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ذہنی بیماریاں ذاتی کمزوری، کردار کی خرابی، کالے جادو اور بھوت پریت کےاثرات کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں ۔ لوگ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ متاثر ہ لوگ تشدد کرتےہیں اس لئے ان سے ڈرتے ہیں۔ان غلط فہمیوں کی وجہ سے ذہنی بیماری کا شکار افراد کے خلاف ایک تعصب پایا جاتا ہے اور زیادہ تر لوگوں کو معاشرے میں برابر کا مقام نہیں مل پاتا۔
اس تعصب کو دو اقسام میں بانٹا جاسکتا ہے : معاشرتی ( بیرونی) اور ذاتی ( اندرونی) تعصب
معاشرتی یا بیرونی تعصب ذہنی بیماری کا شکار شخص کے ساتھ معاشرے کا تعصب والا رویہ ہے۔ پاکستانی معاشرے میں یہ تعصب اتنا شدید ہوتا ہے کہ ”نفسیاتی” کو گالی سمجھا جاتا ہے۔اگر کسی خاندان کے ایک فرد کے بارے میں ذہنی بیماری کا شک ہو تو اکثر سارا خاندان بدنام ہوجاتا ہے۔ پیشہ ورانہ مینٹل ہیلتھ سروسز کو اکثر ناگواری سے دیکھا جاتا ہے اور جن لوگوں کی تشخیص ہوجائے کہ وہ ذہنی بیماری کے مسئلے کا شکار ہیں تو سمجھ لیا جاتا ہے کہ وہ ٹھیک نہیں ہوسکتے۔ یہ سماجی رویے متاثرہ افراد کے لئے اپنی کیفیت کے بارے میں سچ بولنے سے خوف پیدا کردیتے ہیں اور ان کی بحالی کے سفر پر منفی اثر پڑتا ہے۔
ذاتی یا اندرونی تعصب ، متاثرہ شخص کے اپنے احساسات ہوتے ہیں کہ ان کی ذہنی بیماری انہیں پھلنے پھولنے سے روکے گی اور وہ امید کا دامن چھوڑ دیتے ہیں۔ اس سے متاثرہ شخص میں خود پر شک و شبہ پیدا ہوجاتا ہے اور اس کی خوداعتمادی کم ہوجاتی ہے اور اس کی جگہ احساس جرم بلکہ خود پر شرم آنے لگتی ہے۔اس طرح پھران میں علاج سے دلچسپی کم ہوجاتی ہے اور بحالی کے سفر پر منفی اثر پڑتا ہے۔
:تعصب سے مقابلے کے لئے یہ کیا جاسکتا ہے
نمبر1. عام لوگوں کو ذہنی بیماری کی اصلیت کی تعلیم دے کے جو ذہنی بیماری کے بارے میں عوامی مہم کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ اس سے معاشرے کو ذہنی بیماری کو سمجھنے اور دوسروں کو مدد حاصل کرنے کے لئے تیار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
نمبر2. ذہنی بیماری سے صحت یاب ہونے والے لوگوں کا عوام کے سامنے اپنی کہانی سناکے۔اس سے یہ معلوم ہوگا کہ اس بیماری سے چھٹکارا مل سکتا ہے اور اس طرح بیمار شخص میں امید پیدا ہوجاتی ہے۔
نمبر3. متاثرہ لوگ مکمل صحت اور ذہنی بیماری کے بارے میں یہ جان لیتے ہیں کہ بحالی ممکن ہے اور وہ ان غلط فہمیوں کو دور کرسکتے ہیں جو ان کے اندر پیدا ہو گئی ہیں۔
نمبر4. ذہنی بیماری کا شکار افراد خودسے ہمدردی کرنا شروع کردیتے ہیں اور کسی بھی ایسی غلطی پر خود کو معاف کردیتے ہیں جوانہوں نے بیماری کی حالت میں کرڈالی ہو۔