ہماری صحت کے لئے متوازن غذا کی اتنی اہمیت کیوں ہے ؟ اگر غذا صحت مند نہ ہو تو کیا ہوتا ہے ؟
ہماری صحت کے لئے سب سے اہم پہلوؤں میں سے ایک وہ غذا ہے جو ہم کھاتے ہیں۔ ایک صحت مند غذا ان تمام اجزا کا متوازن مجموعہ ہے جن کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے؛ یعنی نشاستہ، چکنائی، پروٹین اور کمیاب غذائی مواد ۔ ان میں سےکسی کی بھی بہت زیادتی یا بہت کمی ہمارے جسم کو نقصان پہنچاتی اور اسے کام کرنے کے ناقابل بناتی اور اس کی مدافعت کی قوت کو کم کرتی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ انسان میں بہت سی بیماریا ں بہت کم یا بہت زیادہ کھانے سے پیدا ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ ہم کیا اور کس وقت کھاتے ہیں اس کا اثر ہمارے موڈ پر بھی پڑتا ہےاور اس سے ہماری ٹینشن سے نمٹنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ مثال کے طور پرجب کسی کو بھوک لگی ہو تو اکثر چڑچڑاپن ہونے لگتا ہے اور کام پر توجہ نہیں ہوپاتی۔ اس لئے مکمل صحت کے لئے ایک متوازن غذا بے حد اہم ہے۔
جب ہمیں ٹینشن ہورہی ہو تو سب سے پہلے جو چیز متاثر ہوتی ہے وہ ہماری غذا ہے۔ کچھ لوگوں کو ٹینشن کی وجہ سے بھوک ہی نہیں لگتی اور وہ کھانا بند کردیتے ہیں۔ دوسرے لوگ کچھ خاص کھانے کھانا شروع کردیتے ہیں( جیسے میٹھے اور غیر صحت مندکھانے) تاکہ ٹینشن بھول سکیں ۔یہ رویہ کم وقت کے لئے تو سکون دیتا ہے لیکن زیادہ عرصے تک ایسا رہے تو ٹینشن بڑھ جاتی ہے کیونکہ غیر صحت مند غذا ہماری صحت پر برا اثر ڈالتی ہے۔
اسی لئے جب ہم ٹینشن میں بھی ہوں تو ہماری کوشش ہونا چاہئیے کہ ہماری غذا متوازن ہو تاکہ ہم ٹینشن پر قابو پاسکیں۔