اپنے جذبات کا تخلیقی ذریعے سے اظہارکرنے سے نہ صرف تناؤ دور ہوتا ہے بلکہ اس مشق سے اختیار بھی حاصل ہوتاہے۔ اکثر ہم اپنے جذبات کے اظہار کی کوشش الفاظ اور بات چیت میں کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں۔ تخلیقی جرنل بنانا ایک متبادل طریقہ ہے جس سے ہم اپنے جذبات کا اخراج رنگوں، جگہ، بناوٹ وغیرہ کے ذریعے کرتے ہیں۔ اس عمل کے دوران ہم اپنے جذبات سے واقف ہوجاتے ہیں اور انہیں اپنے خیالات اور رویوں سے منسلک کرکے ان کو زیادہ متوازن بناکے نظم و ضبط کے تحت لے آتے ہیں۔
تخلیقی جرنل کی ایک بیش قیمت تاریخ ہے اور یہ جذباتی پریشانی سے نمٹنے کا ایک موثر طریقہ ثابت ہوا ہے۔ اسے پیشہ ورآرٹ معالجین کے علاوہ جو اپنے مریضوں کا اس سے علاج کرتے ہیں، ان لوگوں نے بھی استعمال کیا ہے جو کچھ وقت اپنے لئے وقف کرنا چاہتے اورخود اپنی دیکھ بھا ل کی سرگرمیوں میں مصروف ہونا چاہتے ہیں۔ تخلیقی جرنل کاکوئی ’صحیح‘ یا ’ غلط‘ طریقہ نہیں کیونکہ اس سے مراد حتمی نتیجہ حاصل کرنا نہیں بلکہ اس کا عمل ہے (یعنی تخلیقی جرنل کی تیاری کا عمل)۔اس عمل کے دوران یاد رکھیئے کہ تخلیقی جرنل کا مقصد دوسروں سے ستائش کروانا نہیں بلکہ ایسی سرگرمی ہے جو آپ صرف اپنے لئے کرتے ہیں۔
یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے داخلی نقاد کو، ناکامی کے خوف اور انجانے ڈر کو ایک طرف رکھ دیں۔ اپنے فن کا تجزیہ نہ کریں، اس کامشاہدہ کیجئے اور اس ردعمل کو تسلیم کیجئے جو اسے دیکھ کر آپ میں پیدا ہوتا ہے۔ منفی اور مثبت دونوں قسم کے ردعمل کوکسی تجزئیے کے بغیر نوٹ کیجئے۔ فنکاری کے دوران ابھرنے والے احساسات کو آنے دیجئیے، ان کو پہچانیے اور قبول کیجئیے۔
ذیل میں کچھ آلات اور ٹیکنیکس دی جارہی ہیں جو آپ کوتخلیقی روزنامچے کی ابتدا کرنے میں مدد دیں گی:
- اپنے لئے ایک آلات بکس بنائیے
ایک سادہ نوٹ بک یا کتابچہ، پنسلیں، مختلف رنگوں کے پین، ٹیپ، پرانے اخباریا رسالے، قینچی، پتے یا مٹی اور اسی قسم کی جوبھی اشیا مل سکیں آغاز کرنے کے لئے زبردست ہیں۔ آپ کے گمان سے کہیں زیادہ چیزیں ارد گرد موجود ہونگی۔اگر نہ بھی ہوں تو ایک پنسل سے ہم پورا جرنل بھر سکتے ہیں!
- تخلیقی جرنل کو اپنا لیجئے
اس پر اپنا نام لکھئے، اس کا سر ورق بنائیے جس پر تصاویر، اشکال اور رنگ ہوں جو آپ سے باتیں کریں اور آپ کو اپنے خیالات کے اظہار میں مدد دیں۔ اپنی نجی معلومات کے اخفا کے لئے اسے ایسی جگہ رکھئے جہاں صرف آپ اس تک پہنچ سکیں۔
- معمول بنائیے
یہ ضروری ہے کہ آپ تخلیقی جرنل کے لئے باقاعدگی سے وقت نکالیں۔ کبھی کبھی ایک خاص جگہ اور خاص وقت اس پر باقاعدگی سے کام کرنے سے معمول بنانے میں مدد ملتی ہے اور اس پر قائم رہنا ممکن ہوجاتا ہے۔ خواہ یہ صرف دس منٹ ہی ہوں، اپنی اندرونی سوچ کے قریب رہنے کے لئے وقت مخصوص کرنے کی یہ مشق ہی اصل چیز ہے۔
- شروعات اشکال سے کیجئے
کوئی بھی تخلیقی عمل منتخب کرنا مشکل ثابت ہوسکتا ہے اوراس کی ابتدا کرنا اس کا مشکل ترین حصہ ہوتاہے۔ اگر آپ کو اس تخلیقی کام کی عادت نہیں یا اپنے فن کے بارے میں خود کچھ اندازہ نہ ہوتو مخصوص شکلیں بنانے سے ابتدا کیجئے، جیسے متوازی لکیریں یا دائرے۔اس کام میں تیزی یا آہستگی آپ کی مرضی ہے، کیونکہ بات اس عمل کی ہے اس کے نتیجے کی نہیں۔ یہ ایک سکون بخش مشق ہے اورنتیجے میں جو کچھ برآمد ہوگا وہ آپ کو حیران کردیگا۔
- کچھ مشغلے جو آپ شروع کرسکتے ہیں ….۔آج میری کیفیت کیسی ہے؟
- اپنے آپ سے پوچھئے کہ آج آپ کیا محسوس کررہے ہیں اور ایک خاص کیفیت اور حالت کی تصویر بنائیے جو مختلف رنگوں اور شیڈ کے ذریعے آپ کے اس سوال کا جواب دیتی ہو۔
- دوسرے ہاتھ سے ڈرائنگ کرنا
اگر آپ دائیں ہاتھ سے کام کرتے ہیں تو بایاں ہاتھ استعمال کرنے کی کوشش کیجیے یا اس کے الٹ۔ دوسرے ہاتھ سے ڈرائنگ کرنے سے ثابت ہوا ہے کہ دماغ مختلف طریقے سے کام کرتا ہے اورہماری ادراکی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ دوسرا ہاتھ استعمال کرنے سے آپ تخلیق پر زیادہ توجہ دینے کی بجائے تخلیقی عمل پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔تصاویر ی کولاز(Photos Collage)
تصاویر، اخبارات کے تراشے اور دوسرے مواد کو ایک کولاز کی شکل میں یکجا کیجئے۔ آپ اس کے نیچے، اوپر یا ان تراشوں اور تصویروں کے درمیان ڈرائنگ کرسکتے ہیں۔
ثابت ہوا ہے کہ تخلیقی جرنل بنانے کی مشق باقاعدگی سے اور ایک منظم انداز میں کرنے سے تناؤ میں زبردست کمی اور ناخوشگوار کیفیت سے نمٹنے اور خوشگوار جذبات سے لطف اندوز ہونے میں آسانی ہوتی ہے۔عمل کی سادگی اور اشیا تک رسائی سے ہر ایک فرد (کسی بھی صنف، عمر یاسماجی طبقے سے تعلق رکھنے والے)کو وہ سمجھ بھی حاصل ہوتی ہےجسے استعمال کرکے خود کو تناؤ سے دور رکھنے، اپنے اندرونی خیالات اور جذبات کو ظاہر کرنے اور کیفیات کی وضاحت کرنے اور کبھی کبھی مسائل اور چیلنجز کو حل کرنے میں مدد ملتی ہے ۔