کیا آپ کو کوئی ایسا مسئلہ پیش آگیا ہے جو حل ہونا ناممکن لگ رہا ہے؟کیا مشکل مسئلوں کے حل میں کوئی صلاحیت کام آسکتی ہے؟
مسئلوں کا مقابلہ کرنا انسانی زندگی کا ایک حصہ ہے اور ہمیں روزانہ ہی کئی مسئلے پیش آتے ہیں جن میں کام پرجانے میں دیرہوجانا، ٹریفک میں پھنس جانا یا کسی عزیز سے تکرار ہوجاناشامل ہیں۔ زیادہ تر مسئلے تو ہم کامیابی سے حل کرلیتے ہیں اور زندگی میں آگے بڑھتے رہتے ہیں لیکن کبھی کبھی کوئی ایسا مسئلہ آجاتا ہے جس کا کوئی حل دکھائی نہیں دیتا اور اس سے ہمیں بے حد ٹینشن ہوجاتی ہے۔
:تو جب کوئی مشکل مسئلہ آجائے تو ہم کیا کرتے ہیں؟ چند اقدامات نیچےدئیے گئے ہیں
نمبر1. مسئلے کو سمجھنا؛ پہلا قدم تو یہ جاننا ہے کہ مسئلہ ہے کیا اور اس کی وجہ کیا ہے۔ یہ قدم اہم ہے کیونکہ جب ہمیں ٹینشن ہورہی ہو تو ہمارا سوچنے کا عمل بگڑ جاتا ہےاور ہم اصل مسئلے پر انگلی نہیں رکھ سکتے۔
نمبر2. مسئلے کا تجزیہ کرنا؛اس قدم پر یہ سمجھ لینےسے آپ کو بڑی مدد مل سکتی ہے کہ مسئلے کے کون سے پہلو آپ کے قابو میں ہیں اور کون سے نہیں۔ پھر قابو میں آجانے والے پہلوؤں پر توجہ دینے اور نہ قابو میں آنے والوں کو تسلیم کرلینے سے آپ مسئلے کے حل کے قریب پہنچ سکتے ہیں۔
نمبر3. کئی حلوں میں سے ایک منتخب کرنا؛ اس کے لئے آپ کے ذہن میں جتنے حل آئیں ان کی فہرست بنالیجئے، پھر ان میں سے چندسب سے کارآمد حل منتخب کرلیجئے۔ دو یاتین حل الگ کرلینا اچھا رہے گا۔
نمبر4. حل کا تجزیہ کیجئے؛ کارآمدحل الگ کرلینے کے بعد ہر حل کے فائدے اور نقصانات لکھ لیجئےجس حل میں زیادہ فائدے اور کم سے کم نقصان ہو وہی عام طور سے بہترین ہوتے ہیں۔ اگر کسی ایسےشخص سے بھی اس کے بارے میں مشورہ کرلیا جائے جس پر آپ کو اعتماد ہو تو اس سے بھی مدد مل سکتی ہے۔ مختلف حلوں کو ملا کر بھی ایک بہترین حل پر پہنچا جا سکتا ہے۔
نمبر5. حل پر عمل کرنا؛ بہترین ممکن حل منتخب کر لینے کے بعد اس پر عمل کا طریقہ کار تیار کیجئے۔ اس میں ان لوگوں کا انتخاب ہےجن کے ساتھ کام کیا جائے گا ، ایک مدت کا انتخاب ہےاور یہ طے کرنا ہےکہ کس مرحلے کو کامیابی سمجھا جائے گا۔
اس طریقے پر عمل سے آپ مشکل سے مشکل مسئلہ حل کرسکتے ہیں۔ اگر مسئلہ حل نہ ہو تو واپس پلٹ کے یہ دیکھئے کہ آ پ نے مسئلے کو اور اس کے سب سے موزوں حل کوصحیح سمجھا بھی ہے یانہیں اور دوبارہ اس پر عمل کو دہرائیے۔